فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کمرشلائز یشن فیسوں اور غیر قانونی ڈویلپمنٹ پر عائد جرمانوں کے بقایاجات کی ترجیحی بنیادوں پر سو فیصد وصولی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ جائیدادوں کو سربمہر کر دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری کے اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکوری مہم کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، مختلف مدات میں واجب الادا رقوم کی وصولی کے اعداد و شمار روزانہ کی بنیاد پر چیک کئے جائیں اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے متعلقہ سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں شعبہ فنانس کے ڈپٹی ڈائریکٹرز عدنان شہزاد، افضال انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد بلال اور ریکوری سٹاف نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف مدات میں ہونے والی وصولیوں، بقایاجات اور ریکوری اہداف کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے واجبات کی وصولی کے لئے موثر اور نتیجہ خیز حکمت عملی مرتب کی گئی۔ قیصر عباس رند نے متعلقہ افسران اور ریکوری سٹاف کو ہدایت کی کہ جائیدادوں کی کمرشلائزیشن فیسوں کے بقایاجات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے اور نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لئے مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کی موثر نشاندہی کرتے ہوئے ایسی جائیدادوں کو قانونی دائرہ کار میں لایا جائے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔




