فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے غریب اور مستحق افراد کو دیئے جانے والے نگہبان رمضان پیکج کی تقسیم کے دوران کٹوتی کرنے والے 10افراد قانون کے شکنجے میں آ گئے، پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق جھنگ بازار کے علاقہ پٹھان والا میں نگہبان رمضان پیکج سے غریب اور مستحق افراد کی کٹوتی کرنے والا دلاور 200 روپے’ نشاط آباد کے علاقہ 8ج ب میں سفیان 200 سے 500 روپے تک’ ملت ٹائون کے علاقہ بھائی والا میں رمضان علی 200 سے 500 روپے تک’ بھائی والا میں افضل سادہ لوح شہریوں سے ایک ہزار روپے تک’ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ سمندری روڈ پر عبدالرحمن وغیرہ حکومت کی طرف سے دیئے جانے والے 10ہزار کی رقم سے 500 روپے تک’ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 266 رب میں عبدالاحد’ اویس’ رانا شاہد وغیرہ غریب افراد کے پیکج سے کٹوتی کرتے پائے گئے۔ قانونی کارروائی کروانے والے سیکرٹریز اور حلقہ پٹواریوں نے بتایا کہ حکومت نے رمضان المبارک کے موقع پر غریب افراد کو 10ہزار کی مالی امداد کیلئے نگہبان رمضان پیکج دیا اور اسکی تقسیم کرتے ہوئے ڈیوائس حاصل کرنے والے لوٹ مار کرنے لگے۔




