ساہیوال(بیورو چیف) ایم ڈی واسا تنویر قیصر کی خصوصی ہدایات پر واسا ساہیوال کی ٹیم نے غیر قانونی سیور کنکشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے برانڈ روڈ پر واقع معروف فوڈ پوائنٹ سیل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق واسا ٹیم نے متعلقہ فوڈ پوائنٹ کے سیوریج کنکشن کا معائنہ کیا تو واسا کی مین سیوریج لائن میں غیر قانونی کنکشن ڈالے جانے اور متعلقہ این او سی نہ ہونے کا انکشاف ہوا۔ واسا حکام نے ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مذکورہ فوڈ پوائنٹ کو سیل کر دیا۔کارروائی کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر واسا سعید احمد بھٹہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر امجد علی نے کی۔ اس حوالے سے ایم ڈی واسا تنویر قیصر نے واضح کیا کہ سیوریج نظام کے غیر قانونی استعمال اور مین لائن سے غیر قانونی کنکشن کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ایم ڈی واسا تنویر قیصر نے مزید کہا کہ سیوریج نظام کو بہتر انداز میں فعال رکھنے، شہریوں کو درپیش مسائل کے ازالے اور غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران و عملے کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سیور کنکشنز کی نشاندہی کرتے ہوئے قانون و ضابطے کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔واسا حکام نے شہریوں اور کاروباری مراکز کے مالکان پر زور دیا کہ سیوریج کنکشن کے حصول اور استعمال کے حوالے سے مقررہ قوانین و ضوابط کی پابندی کریں بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




