وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مکمل تبدیل کرنا ہمارا ہدف

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنا ہمارا ہدف ہے، وزارت داخلہ کے ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ کے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات نافذ کرنے کے پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام اداروں کو باہمی رابطے، تعاون اور کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ وزارت داخلہ کا کام دیگر وزارتوں سے مختلف اور غیر معمولی نوعیت کا ہے، لینڈ پورٹ اتھارٹی سمیت نئے قائم شدہ اداروں کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی، تمام اداروں کو درکار وسائل مہیا کئے جائیں گے، سب اداروں کو مل کر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کرنا ہوگی۔ انہوں نے تمام اداروں کے سربراہان کو ڈیٹا سکیورٹی اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے موثر اور جامع اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ اپنے متعلقہ اداروں کا دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنا ہمارا ہدف ہے۔، ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا ہوگا، عوام کو بہترین سہولتوں اور معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے تمام اداروں کو اپنے اہداف کا حصول یقینی بنانا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں