7ماہ کے دوران پنجاب پولیس کیخلاف 84ہزار سے زائد شکایات موصول

لاہور (بیوروچیف) پنجاب پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے پہلے7ماہ کے دوران ساڑھے 84ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ موصو ل ہونیوالی شکایات میں مقدمات کے عدم اندراج، ناقص تفتیش، کرپشن و رشوت ستانی اور پولیس سروسز سے متعلق شکایات شامل ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ39ہزار شکایات مقدمات کے عدم اندراج سے متعلق درج ہوئیں ، جن میں سے تقریبا 37ہزار 500 شکایات حل کر لی گئیں۔ناقص تفتیش کے حوالے سے 19 ہزار 300شکایات درج ہوئیں، جن میں سے 17ہزار 600کو حل کیا گیا۔ ناقص تفتیش سے متعلق شکایات میں ریکوری نہ ہونا، غلط تفتیش اور تفتیش کی تبدیلی سمیت دیگر معاملات شامل تھے۔پولیس کی کرپشن اور رشوت وصولی سے متعلق 14ہزار 700شکایات درج ہوئیں، جن میں سے تقریبا 13ہزار 500شکایات کا ازالہ کیا گیا۔پولیس سروسز سے متعلق 6ہزار 400 شکایات موصول ہوئیں، جبکہ پولیس کے اپنے ملازمین اور افسران کیخلاف 704شکایات درج کرائی گئیں۔
اعدادوشمار کے مطابق آئی جی کمپلینٹ سیل میں موصول ہونے والی مجموعی درخواستوں میں سے 94 فیصد درخواستیں حل کی جا چکی ہیں جبکہ 6 فیصد زیر التوا ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے آئی جی پنجاب کو خود مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے اور محکمانہ احتساب کے عمل کو مزید مثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں