وزیراعلیٰ کے ویژن صحت مند پنجاب کو عملی شکل دینے کیلئے حکومت سرگرم ہے،خواجہ سلمان رفیق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”صحت مند پنجاب” کو عملی شکل دینے کیلئے حکومت پنجاب سرگرم عمل ہے۔ اسی سلسلے میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان،وزیراعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب کے چیئرمین ڈاکٹر فرقد عالمگیراور سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر صحت نے دورے کے دوران ہسپتال میں کیو مینجمنٹ سسٹم میں بد نظمی اور مریضوں کو ادویات کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پتھالوجی لیبارٹری اور ایکوگرافی وارڈ میں جا کر تشخیصی ٹیسٹوں کی تفصیل اور رپورٹنگ کے وقت سے متعلق عملے سے استفسار کیا۔صوبائی وزیر صحت نے سکیورٹی عملے کے مریضوں سے ناروا سلوک اور صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی سخت ناراضی ظاہر کی اور فوری اصلاح احوال کی ہدایت دی۔وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے ایمرجنسی،او پی ڈی اور فارمیسی کا دورہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے فردا فردا دستیاب طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور سروس ڈیلیوری سے متعلق دریافت کیا۔ خواجہ سلمان رفیق اور عظمت محمود خان نے خود 50سے زائد مریضوں سے براہ راست ملاقات کی۔صوبائی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ زیر علاج مریضوں کو عارضہ قلب کے علاوہ دیگر ادویات کی فراہمی کے لئے مثر اور باقاعدہ میکانزم تشکیل دیا جائے تاکہ کسی بھی مریض کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے گھروں تک ادویات پہنچانے کے عمل کی پیکنگ اور متعلقہ ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں ادویات کی خریداری کے لئے 33ارب روپے فراہم کئے گئے جبکہ رواں مالی سال میں مزید15،ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے طے کردہ سروس ڈیلیوری کے ایس او پیز پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات ہسپتال کے باہر سے منگوانے سے متعلق شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا اور دل کے امراض کی تمام ادویات ہسپتال میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں دستیاب ادویات کے بارے میں باقاعدگی سے لائوڈ سپیکر پر اعلانات کرائے جائیں تاکہ مریضوں کو آگاہی حاصل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ سروس ڈیلیوری میں کسی بھی قسم کی غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔سیکرٹری صحت عظمت محمود خان نے بتایا کہ ہسپتالوں کو گزشتہ برسوں کے واجبات کی مد میں 23،ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق مریضوں کو ادویات کی عدم دستیابی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔آخر میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایف آئی سی ڈاکٹر حامد سعید اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ندیم اختر نے وزیر صحت کو ادارے کی کارکردگی، سہولیات اور جاری منصوبہ جات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں