ون ونڈو کاؤنٹر کے ذریعے779درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے شہریوں کو تیز رفتار، شفاف اور سہل انداز میں ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے مجموعی طور پر 779درخواست گزارو ں کو مختلف شعبہ جات سے متعلق ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 40درخواستیں مختلف شعبوں میں زیرِ کارروائی ہیں۔ اس امر کا انکشاف ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں ہوا، جس میں ایف ڈی اے کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، شہری درخواستوں پر پیش رفت اور زیرِ التوا امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا. اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ، عاصم محمود، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور اور دیگر افسران موجود تھے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال جنوری سے ماہ اگست کے دوران شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے 596، ٹائون پلاننگ ون سے 49، ٹائون پلاننگ ٹو سے 88 جبکہ کچی آبادی سے 46 درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا جن میں بلڈنگ پلانز کی منظوری، جائیدادوں کی منتقلی، وراثتی انتقالات، جائیدادوں کی کمرشلائزیش، عدالتی ڈگریوں کی تعمیل، اونرشپ سرٹیفکیٹس و ٹائون پلاننگ رپورٹس کے اجرا، اور پرائیویٹ ہاسنگ سکیموں کے امور و دیگر معاملات شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی نے ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگوانے کے بجائے ایک ہی مقام پر ان کے مسائل کا ازالہ یقینی بنانا ادارے کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ون ونڈو کائونٹر پر موصول ہونے والی ہر درخواست کو مقررہ مدت کے اندر میرٹ اور شفافیت کے ساتھ نمٹایا جائے اور زیرِ کارروائی درخواستوں پر بلاوجہ تاخیر ہرگز نہیں ہونی چاہیئے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب کے گڈ گورننس، شفافیت اور شہریوں کو فوری ریلیف کی پالیسی کے مطابق ایف ڈی اے میں جدید اصلاحات کے ذریعے دفتری امور کو مزید منظم و متحرک بنایا جا رہا ہے جن مثبت نتائج واضح طور پر شہریوں کو نظر آنے چاہئیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے، درخواستوں کی پراسیسنگ اور نمٹانے کے عمل کا ریکارڈ مرتب رکھا جائے اور شہریوں کو درخواست کی پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ جہاں کہیں انتظامی یا تکنیکی رکاوٹ موجود ہو اسے فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے کو ایک شفاف، فعال، جدید اور شہری دوست ادارہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور شہریوں کے جائز مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں