فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لائیو سٹا ک سیکٹر کی ترقی اور مویشی پال کسانوں کی خوشحالی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔اسی سلسلے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جدید لائیوسٹاک آپریشن تھیٹر کا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن لائیوسٹا ک ڈاکٹر سید ندیم بدر، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حنا ظفر، ویٹرنری ڈاکٹرز اور مویشی پال کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے جدید سرجیکل مشینری، اینیستھیزیا یونٹ اور الٹراسائونڈ سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ اس آپریشن تھیٹر کے قیام سے مویشی پال کسانوں کو پیچیدہ آپریشن اور علاج کی سہولیات مقامی سطح پر میسر آئیں گی اور انہیں دوسرے شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا جس سے وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حنا ظفر کے مطابق تحصیل سطح پر فراہم کردہ الٹراسائونڈ مشینوں کے ذریعے اب تک5 ہزار 336 معائنے کئے جا چکے ہیں جبکہ چیف منسٹر پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کے تحت پہلے مرحلے میں 11 کروڑ روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے گئے اور دوسرا مرحلہ جاری ہے۔




