ٹھیکریوالہ(نامہ نگار) تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں ڈکیتی اور راہزنی کی نان سٹاپ وارداتو ں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، مختلف مقامات پر مسلح ڈاکو شہریوں اور دکانداروں سے نقدی و قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے، جس کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پینسرہ سٹاپ پر 276ج ب کے رہائشی نعیم نامی دکاندار کی دکان میں دو مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر تقریبا پونے دو لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔علاوہ ازیں 76ج ب میں واردات پیش آئی جہاں دو نامعلو م مسلح ڈاکوں نے ایک شہری کو اسلحہ کے زور پر روک کر 8 ہزار روپے نقدی چھین لی اور موقع سے فرار ہوگئے۔علاوہ ازیں 274 ج ب سریالہ میں بھی سرشام ڈکیتی کی واردات میں تین رکنی مسلح گروہ نے آصف نامی راہگیر کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا اور اس سے 80 ہزار روپے نقدی اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل ڈکیتیوں اور راہزنی کی وارداتوں کے باعث شہریوں میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مسلح ڈاکوئوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔




