پاکستانی خواتین کوہ پیمائوں نے تاریخ رقم کر دی

گلگت(نامہ نگار) ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی 8 پاکستانی خواتین کوہ پیماں نے 6 ہزار 400 میٹر بلند خسرگنگ چوٹی سر کر کے ملکی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔وادی شگر میں الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز خسرگنگ مہم کامیابی سے مکمل ہو گئی۔ الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق کامیاب ٹیم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں، جبکہ مہم کی قیادت معروف کوہ پیما بی بی افزون نے کی۔مہم کے دوران تکنیکی معاونت معروف ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سدپارہ، صادق حسین سدپارہ اور الیاس ہشے نے فراہم کی، جبکہ روپ فکسنگ کی ذمہ داریاں قائد شگری نے انجام دیں۔کامیاب مہم کے بعد الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے تمام خواتین کوہ پیماں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی خواتین عزم، ہمت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ خسرگنگ چوٹی کی کامیاب سمٹ ملک میں خواتین کی کوہ پیمائی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جبکہ الپائن کلب مستقبل میں بھی خواتین کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں