لاہور(بیوروچیف)پاکستان میں فری لانسنگ مارکیٹ تیزی سے ابھر رہی ہے اور رواں مالی سال کے دوران پاکستانی فری لانسرز کی آمدنی 2.5ارب ڈالر سے زائد رہنے کا تخمینہ ہے۔ پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے بانی و چیئرمین ابراہیم امین کے مطابق پاکستان دنیا کی چوتھی ابھرتی ہوئی فری لانسنگ مارکیٹ کے طور پر سامنے آیا ہے، گزشتہ مالی سال پاکستانی فری لانسرز کی برآمدی آمدن 1.76ارب ڈالر ریکارڈ کی گی تھی جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی پہلے ماہ جولائی میں پاکستانی فری لانسرز نے 17ملین ڈالر کی برآمدی آمدن حاصل کی۔انہوں نے حکومت سے یو ٹیوب پر فعال تعلیمی پلیٹ فارمز پر عائد 5فیصد ٹیکس سے استثنیٰ دینے یا اسے ایک فیصد کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ تفریحی اور تعلیمی پلیٹ فارمز کو ایک ہی کٹیگری میں رکھنا درست نہیں۔ابراہیم امین نے کہا کہ پاکستانی فری لانسرز کی تعداد 30لاکھ سے زائد ہے اور حکومت کی معاون پالیسیوں کے نتیجے میں اس تعداد میں مزید اضافہ ممکن ہے جو پاکستانی آئی ٹی خدمات کی آمدن میں بھی مزید اضافے کا باعث بنے گی۔




