اسلام آباد(بیوروچیف)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی تعاون کے فروغ کے لئے قائم چین کی قیادت میں کام کرنے والی عالمی تنظیم کا بانی رکن بن گیا ہے، پاکستان نے تنظیم کی تاسیسی دستاویز پر دستخط کر دیئے ہیں جبکہ اس میں تقریباً 50ارکان شامل ہو چکے ہیں۔منگل کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی تنظیم برائے مصنوعی ذہانت تعاون کا صدر دفتر شنگھائی میں قائم ہوگا جبکہ اس کی کونسل کا پہلا اجلاس دسمبر کے وسط میں متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر مختلف اہم اداروں اور تنظیموں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے اور نئی بین الاقوامی تنظیموں میں شمولیت کے ذریعے ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کا بھی بانی رکن ہے، جب وہ وزیر خزانہ تھے تو انہوں نے صدر شی جن پنگ کی موجودگی میں اس بینک کی تاسیسی دستاویز پر دستخط کئے تھے، اس وقت تقریباً 25ممالک اس کے بانی ارکان تھے جبکہ اب اس کے ارکان کی تعداد تقریباً 100ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لئے مکالمے، ثالثی اور سفارتی ذرائع کو اہمیت دیتا ہے اور مختلف بین الاقوامی اقدامات میں شرکت کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔محمد اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان کی کوشش ہے کہ مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور عالمی تعاون کے ان اقدامات میں ملک کی موثر نمائندگی یقینی بنائی جائے۔




