لاہور(بیوروچیف) انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ نے حکومت پنجاب کی 2سالہ کارکردگی پر مبنی سروے رپورٹ جاری کر دی۔رائے عامہ سروے میں 69فیصد افراد نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی قیادت پر اظہار اطمینان کیا اور پنجاب کی ترقی کو درست سمت میں پیش رفت قرار دیدیا۔عوامی سروے میں 32 فیصد افراد نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کوآٹ سٹینڈنگ، 31فیصد نے گڈ قرار دیا۔آئی پی او آر سروے کے مطابق پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو 42فیصد عوامی مقبولیت حاصل ہوئی، ترقیاتی منصوبے شروع کرنے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، 55فیصد افراد نے سروے میں مریم نوازشریف کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔عوامی سروے میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا ستھرا پنجاب پروگرام 33فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا۔آئی پی او آر سروے میں 2سال کے دوران ویمن ویلفیئر اور پروٹیکشن 30فیصد، پبلک ٹرانسپورٹ 29فیصد اور ایجوکیشن 27فیصد کے ساتھ نمایاں رہی، عوامی سروے میں 26فیصد نے امن وامان کی صورتحال اور 25فیصد نے انفراسٹرکچر کو بہتر قرار دیا۔ سروے میں 7ہزار شہریوں کا عوامی جذبات گورننس پروفارمنس اور پولیٹیکل ٹرینڈ کا جائزہ لیا گیا جس میں 50فیصد خواتین اور 50فیصد مرد شامل تھے۔ آئی پی او آر کے سروے میں 18سے 40سال کے 69فیصد افراد نے مثبت خیالات کا اظہار کیا، سروے میں صفائی کے نظام میں بہتری، ہیلتھ اور ایجوکیشن اصلاحات، مہنگائی میں ریلیف کے اقدامات، پبلک ٹرانسپورٹ اور بسنت کی بحالی پر عوامی رائے کا جائزہ لیا گیا۔ سروے میں 65فیصد افراد نے پنجاب کو ترقی کی درست سمت پر گامزن قرار دیا، 56فیصد افراد نے سینی ٹیشن اور بلدیاتی سروسز پر اظہار اطمینان کیا۔ سروے میں حصہ لینے والے 57فیصد افراد کا تعلق دیہی علاقوں اور 43فیصد افراد کا تعلق اربن ایریا سے ہے۔




