گوجرہ(نامہ نگار)نواں لاہور کے علاقہ میں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم کی بڑی کاروائی، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدنان حیدر کی سربراہی میں بیمار و لاغر جانوروں کو ذبح کر کے ناقص و مضر صحت گوشت بنانے والے یونٹ پر چھاپہ مار کر بڑی مقدار میں مضر صحت گوشت پکڑ لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چک نمبر199 ج ب بھوانہ چنیوٹ کے رحمت اللہ نے مدینہ کالونی نواں لاہور میں نجی سلاٹر ہاؤس بنا کر بیمار اور لاگر جانور زبح کرکے مختلف شہروں میں گوشت کی سپلائی شروع کر رکھی تھی کہ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدنان حیدر کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ٹیم نے بیمار و لاغر جانوروں کو ذبح کر کے ناقص و مضر صحت گوشت بنانے والے یونٹ پر چھاپہ مار کارروائی میں لائیو سٹاک آفیشل اور پولیس کے ہمراہ چھاپے میں بڑے پیمانے پر مضر صحت گوشت برآمد کرلیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق غیر قانونی مذبح خانے پر بیمار و لاغر اور نیم مردہ جانوروں کو ذبح کر کے گوشت بنایا جا رہا تھا۔ویٹرنری ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق بھی گوشت مضر صحت، ناقص اور انسانی استعمال کے لئے ناموزوں قرار دیا گیا۔تقریباً 06 مَن ناقص و مضر صحت گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔مضرِ صحت گوشت کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی و دیگر سامان ضبط کرکے تحریری طور پر نواں لاہور پولیس کو آگاہ کیا گیا جس پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا تھا کہ مضر صحت و ناقص گوشت بیچنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔




