لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں”چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان” انیشیٹو کے تحت وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت پنجاب میں 48,368ایکڑ رقبے پر درخت لگائے جائیں گے۔پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز کے مشن کے تحت 42.5 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ مالی سال 2024-25میں 8,496ایکڑ رقبے پر 7.361ملین درخت لگانے کا منصوبہ ہے۔ رواں مالی سال میں 1,800ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے اب تک 1,085 ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جو کل بجٹ کا 60 فیصد بنتا ہے۔ موسم بہار کے دوران 6,637 ایکڑ زمین پر 5.966 ملین درخت لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت لاہور، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، مری، راولپنڈی، سرگودھا، مظفر گڑھ سمیت 300 سے زائد مقامات پر شجرکاری کی جا رہی ہے۔




