فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور ظالمانہ لیوی ٹیکس کیخلاف حافظ نعیم الرحمن کی کال پر وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے ہونیوالے دھرنا میں جماعت اسلامی زون پی پی112کے کارکن میاں طاہر ایوب، خالد محمود چوہدری، محمد اسلم معراج، محمد نوازکلہ،محمد شاکر علوی، محمد زاہد اسلام و دیگر کی قیادت میں کارکنان کی شرکت۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خالد محمود چوہدری اور محمداسلم معراج نے کہاکہ حکمرانوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ عوام کو مزید نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ احتجاج کسی ایک جماعت یا گروہ کا نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق اور ان کے مستقبل کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ظالمانہ لیوی بھتہ ٹیکس منظور نہیں،پٹرول، ڈیزل پر بھتہ خوری اور ٹیکسوں کے بوجھ کے خلاف عوامی احتجاج رنگ لائے گا۔آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والے تیارہوجائیں، عوامی جذبات کا لاوہ پھٹ رہا ہے۔عوام اب نظام کو تباہ کرنے والوں سے حساب لیں گے۔ نظام کوتباہ کرنے والے حکمران چھپ نہیں سکیں گے، اپنے حق کے لئے نکلے عوام حکمرانوں کوظالمانہ لیوی ٹیکس واپس لینے پر مجبورکردیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد پرامن، آئینی اور جمہوری ہے مگر عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




