چوہدری فیصل عصمت کے سبزی منڈی سدھار الیکشن بارے تحفظات

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) انجمن آڑھتیاں سبزی منڈی سدھار کے انتخابات کے سلسلہ میں صدر کے امیدوار چوہدری محمد فیصل عصمت نے مخالفین کو الیکشن میں حصہ لے کر اپنی اکثریت ثابت کرنے کا کھلا چیلنج دے دیا۔چوہدری محمد فیصل عصمت نے ڈیلی بزنس رپورٹ کے نمائندہ رانا شاہد مقرب سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مہر یوسف مست نے برطرف الیکشن کمشنر اسلم گجر کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروائے، جبکہ اپنے ہی ایک حمایتی آڑھتی ناظم گجر کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کروائے گئے، جو مبینہ طور پر اگلے ہی روز مہر یوسف مست کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 22 اگست کو برطرف الیکشن کمشنر کی جانب سے مہر یوسف مست کی بلا مقابلہ کامیابی کا اعلان کیا گیا، جس پر آڑھتیوں کی اکثریت نے شدید تحفظات اور غم و غصے کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں آڑھتیوں کی جانب سے ایک جلسہ منعقد کیا گیا، اس موقع پر شرکا نے مہر یوسف مست پر بھی زور دیا کہ وہ انتخابی میدان میں آئیں اور ووٹ کے ذریعے اپنی اکثریت ثابت کریں۔چوہدری محمد فیصل عصمت کا مزید کہنا تھا کہ سدھار سبزی منڈی کے آڑھتیوں نے جس محبت، اعتماد اور حمایت کا اظہار کیا ہے، وہ اسے کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ کامیاب ہو کر سبزی منڈی کے آڑھتیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں