فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملت ٹائون کے علاقہ خیابان گارڈن کے قریب ڈاکوئوں نے ڈرائیور اور ہیلپر کو یرغمال بنا کر 80لاکھ مالیت کے کپڑے سے لوڈ مزدا ٹرک چھین کر لے گئے’ یرغمال بنائے جانیوالے ڈرائیور اور ہیلپر کو بوڑیوال روڈ پر پھینک کر فرار ہو گئے، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی۔ تفصیل کے مطابق خیابان گارڈن کے رہائشی مجاہد ٹیکسٹائل مل کے مالک وقاص یوسف نے بتایا کہ اس کا ڈرائیور اختر اور ہیلپر رفیق مل سے شہ زور ڈالہ پر 80لاکھ کا کپڑا لوڈ کر کے مختلف پارٹیوں کو بلٹی کروانے کیلئے لال مل چوک کی طرف جا رہے تھے کہ جب وہ خیابان گارڈن مین روڈ پر پہنچے تو موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے ٹرک کو روک لیا تو عقب سے کار سوار ساتھی بھی آ گئے’ ڈرائیور اور ہیلپر کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر کار میں بٹھا لیا اور ساتھی کپڑے سے لوڈ مزدا ٹرک چھین کر لے گئے اور دونوں کو کافی دیر تک مختلف جگہوں پر گھماتے رہے اور پھر بوڑیوال سروس روڈ پر پھینک کر فرار ہو گئے۔ بعدازاں پولیس کو اطلاع کی تو پولیس روایتی ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی۔




