ڈرائیونگ لائسنس میں مزید شفافیت لائی جائیگی

لاہور (بیوروچیف) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی زیر صدارت پرفارمنس ریویو اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد، ڈرائیونگ لائسنسنگ نظام میں شفافیت اور روڈ سیفٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے بعد تمام سی ٹی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی صورت میں انچارج کے ساتھ سپروائزری اسٹاف بھی جوابدہ ہوگا۔مراسلے میں ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ، موبائل فون کے استعمال، ون وے کی خلاف ورزی اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کی ہدایت دی گئی ہے۔ روڈ حادثات میں کمی کے لیے لائسنسنگ نظام کو مزید موثر بنانے، موبائل لائسنسنگ وینز کے بہتر استعمال، جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا، ٹریفک سائنز اور روڈ مارکنگ کی تکمیل، متعلقہ اداروں کے تعاون سے روڈ انجینئرنگ مسائل کے حل اور ون ایپ کے موثر استعمال کے ذریعے انفورسمنٹ نظام مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی جانچ کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے بجائے شناختی کارڈ ( سی این آئی سی )نمبر استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے چالان، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر متعلقہ ریکارڈ تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ اجلاس میں جاری کیے گئے احکامات پر ہفتہ وار عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے، تمام سپروائزری افسران فیلڈ افسران تک ہدایات پہنچائیں، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستگی کو یقینی بنایا جائے جبکہ بدعنوانی اور ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب بھر میں یکساں قانون کا نفاذ، لائسنسنگ میں شفافیت اور سڑکوں پر قانون کی بالادستی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں