ڈویژن بھر کے سرکاری اداروں کو پلاسٹک فری زون بنانے کے اقدامات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے ڈویژن بھر کے سرکاری اداروں کو پلاسٹک فری زون بنانے کی سخت ترین ہدایت کردی جسکا آغاز باقاعدہ طور پر کمشنر آفس سے کردیا گیا ہے جہاں تمام دفاتر میں پلاسٹک کی پانی کی بوتل اور پلاسٹک شاپر بیگ کے استعمال کو ممنوعہ قرار دیکر شیشے کی پانی کی بوتلیں استعمال کی جارہی ہیں۔علاوہ ازیں کمشنر آفس میں نمایاں مقامات پر”پلاسٹک کا استعمال اب نہیں ”بورڈ بھی آویزاں کئے جارہے ہیں۔ کمشنر فیصل آباد نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں اسی طرز کے اقدامات کو یقینی بنانے کی تلقین کی ہے اور انتظامی افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں کو ترک کرکے شیشے کی بوتلیں اور واٹر ڈسپنسرز کا استعمال کریں۔انہوں نے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو مارکیٹوں،بازاروں،دکانوں پر پلاسٹک کے استعمال کے خلاف آگاہی کے ساتھ بھرپور ایکشن کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانے کے لئے پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنا وقت کا شدید ترین تقاضا ہے لہذا موثر اور زمینی حقائق کے مطابق اقدامات نظر آنے چاہیں۔کمشنر نے شہریوں کو پلاسٹک کے نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک شاپنگ بیگز کی بجائے کپڑے کے تیار کردہ بیگز کا استعمال کریں اور اس پیغام کو ہر سطح پر اجاگر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے تشہیری مہم بھی شروع کررکھی ہے جس کی کامیابی عوام الناس کے تعاون سے ہی یقینی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں