ڈی ایچ کیو الائیڈ ہسپتال ٹو میں بھی برن یونٹ بنانے کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ایچ کیو الائیڈ ہسپتال ٹو میں بھی برن یونٹ بنانے کا فیصلہ’ مختلف واقعات میں جھلسنے والے مریضوں کا علاج معالجہ ہو سکے گا’ وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر نقی نے حکومت پنجاب کو مراسلہ بھجوا دیا۔ تفصیل کے مطابق ڈی ایچ کیو الائیڈ ہسپتال ٹو کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد علی مرزا نے بتایا کہ الائیڈ ون کے بعد الائیڈ ہسپتال ٹو میں برن یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ الائیڈ ہسپتال ٹو میں پلاسٹک سرجری کے ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں اور اب ایک ہی چھت تلے ملک کے صنعتی شہر فیصل آباد میں نیا برن یونٹ تعمیر کیا جائے گا، جس کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، مشینری اور آلات حکومت فراہم کریگی۔ برن یونٹ ٹو بننے سے شہریوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات دستیاب ہونگی۔ مختلف وجوہات کی بناء پر بری طرح جھلس جانے والے مریضوں کا علاج معالجہ ممکن ہو سکے گا۔ قبل ازیں الائیڈ ون کے برن یونٹ میں مریضوں کے رش کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں