چنیوٹ(نامہ نگار)دو مختلف واقعات میں نوجوان جاں بحق، ٹریفک حادثے میں خواتین و بچوں سمیت 8افراد زخمی چنیوٹ کے علاقے لالیاں میں موضع کلس، سانگرا روڈ پر چارہ کاٹنے والی مشین(چاف کٹر)سے کرنٹ لگنے کے باعث 18سالہ نوجوان جانبحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت ثمر عباس ولد مانک علی کے نام سے ہوئی جو مبینہ لاپرواہی کے باعث کرنٹ لگنے کا شکار ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی موٹر بائیک اور ایمبولینس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی مکمل کی اور ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔دوسری جانب چنیوٹ کے جھنگ روڈ پر ہرسہ بلہ کے قریب کار اور رکشہ کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور سمیت خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز اور ایک موٹر بائیک نے فوری ریسپانس کرتے ہوئے زخمیوں کو امداد فراہم کی۔ زخمیوں میں طاہرہ بی بی، امتیاز، ثقلین، منیب علی، نرگس بی بی، فجر زاہرہ، کلثوم بی بی اور مہوش شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دو زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ چھ زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔




