کم عمری کی شادی رچانے پر 5افراد کیخلاف مقدمہ درج

کمالیہ(نامہ نگار) تھانہ صدر کمالیہ کی حدود میں نابالغ لڑکی کو زبردستی اغوا کرنے اور جعلی دستاویزات و سازش کے ذریعے کم عمری کی غیر قانونی شادی رچانے کے الزام میں5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، محلہ درگاہی شاہ کے رہائشی فیاض احمد ولد فلک شیر نے متعلقہ حکام کو درخواست دی کہ ملزمان شیخ سبطین علی، صفدر حسین، اختر حسین، سلیم عباس نکاح رجسٹرار اور فیض احمد نے آپس میں مل کر اور سازش کے تحت اس کی نابالغ بیٹی زہرہ سلیم کے ساتھ غیر قانونی نکاح کا ڈرامہ رچایا۔مدعی مقدمہ کے مطابق ملزم شیخ سبطین علی نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت اور گواہی سے جعلی نکاح نامہ تیار کروایا جس میں لڑکی کی تاریخ پیدائش 01 جنوری 2006 درج کی گئی تاکہ اسے بالغ ظاہر کیا جا سکے ، جبکہ بی فارم اور اسکول سرٹیفکیٹ کی سرکاری دستاویزات کے مطابق لڑکی کی حقیقی تاریخ پیدائش 10 فروری 2011 ہے اور وقوعہ کے وقت اس کی عمر محض 15 سال 3 ماہ تھی ۔نکاح خوان و نکاح رجسٹرار نے لڑکی کی پناہ اور پیدائشی دستاویزات کی تصدیق کیے بغیر جان بوجھ کر کم عمری کے نکاح کو نہ صرف پڑھایا بلکہ رجسٹر بھی کیا۔عدالتی احکامات پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ صدر کمالیہ پولیس نے ملزمان کے خلاف پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ آرڈیننس 2026 اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں