کھلے پلاٹوں کی صفائی کیلئے جامع اقدامات کاآغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی کی ہدایت پر شہر بھر میں کھلے پلاٹوں کی صفائی کے لئے موثر اور جامع اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عابد حسین بھٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بیماریوں اور تعفن سے پاک خوشگوار ماحول کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کی جانب سے عمومی صفائی کے ساتھ ساتھ دیرینہ مسئلہ بنے کھلے اور غیر آباد پلاٹوں کی صفائی کے لئے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے اپریل کے مہینے میں نشان زد کیے گئے کل 735کھلے پلاٹوں میں سے 583 پلاٹوں کو کوڑے کرکٹ اور گندگی کے ڈھیروں سے مکمل طور پر پاک کر دیا ہے۔ سی ای او عابد حسین بھٹی کا کہنا ہے کہ ہدف کا 79.31 فیصد رقبہ مکمل طور پر کلیئر کرایا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ152 کھلے پلاٹوں کی صفائی کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام باقی ماندہ پلاٹوں کو جلد از جلد صاف کر کے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ فیصل آباد کو ایک ماڈل اور صاف ستھرا شہر بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں