کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوتے ہیں

مکوانہ (نامہ نگار) مکوانہ میں منعقدہ کبڈی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں علاقے بھر سے کبڈی کے شائقین، معززین اور کھیلوں سے محبت کرنیوالے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف سیاسی وسماجی شخصیت امیدوار میونسپل کمیٹی مکوانہ الحاج ملک مظہر اعوان تھے۔جنہوں نے ٹورنامنٹ میں بہتر ین کھیل کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے ۔ اس موقع پر الحاج ملک مظہر اعوان نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلیں صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ کبڈی ہمارا روایتی اور ثقافتی کھیل ہے، جسے فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوتی ہے اور ان میں نظم و ضبط، محنت، برداشت اور ٹیم ورک کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ ایسے ٹورنامنٹس نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ علاقے میں محبت، بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں اور منتظمین کی حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ شرکا نے کامیاب کبڈی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے کھیلوں کے مقابلے جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔تقریب میں زواروسیم حیدر’راجہ رمضان’راناعارف’صہیب علوی ایڈووکیٹ’رائے عامرکھرل’علی حسین،بابااکرام ‘ارشد اعوان نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں