کے پی دہشتگردی کی زد پر وزیر اعلی کنٹینر پر ، عظمیٰ بخاری

لاہور( بیوروچیف)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ہ دہشتگردی کی زد میں ہے اور صوبے کا وزیراعلی کنٹینر پر چڑھا ہوا ہے۔ گزشتہ 13سال سے خیبر پختونخوا ہ کی قسمت میں دھرنے، جلسے، ریلیا ں اور لانگ مارچ ہی ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ جب صوبے میں امن و امان اور روزگار نہیں ہوگا تو وہاں کے لوگ امن اور روزگار کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ کریں گے۔ جو حکومت اپنے ہی لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی، اس کو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سہیل آفریدی واحد وزیراعلی ہیں جو اپنے صوبے میں ہی لا ئولشکر کے ساتھ مارچ کر رہے ہیں۔فیڈریشن کے خلاف ہرزہ سرائی کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ سرکاری وسائل کو جتھوں کی سیاست کے لیے استعمال کرنا پی ٹی آئی کا پرانا وتیرہ ہے۔ سہیل آفریدی نے صوبے میں قیامِ امن پر دہشتگردوں کو تحفظ دینے کو ترجیح دی ہے۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہ اس وقت دہشتگردوں، منشیات فروشوں اور سمگلروں کے رحم و کرم پر ہے۔ خیبر پختونخوا ہ حکومت خود صوبے میں آئینی اقدام اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہ کے لوگوں کو کسی صورت بھی دہشتگردوں اور جتھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں