فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر قانون شکن ہائوسنگ سکیموں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈجکوٹ اور سمندری روڈ کے مختلف علاقوں میں خلاف ورزیوں کی مرتکب تین ہائوسنگ سکیموں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار جبکہ متعلقہ دفاتر اور گیٹس کو سیل کر دیا گیا جن میں دو غیر قانونی اضافی آبادیاں شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ٹو اسما محسن کی زیر نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ محمد یاور، انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم گجر اور دیگر متعلقہ سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کے دوران چک نمبر 263 ڈجکوٹ کی اراضی پر قائم دو غیر قانونی اضافی آبادیوں کے خلاف کارروائی کی۔ ٹیم نے وہاں قائم غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا جبکہ داخلی گیٹ کو بھی سیل کر دیا گیا۔ اسی طرح سمندری روڈ پر نیاموآنہ کے قریب گلشن حرم ہائوسنگ سکیم میں رہائشی پلاٹس کو بغیر منظوری کمرشل استعمال میں تبدیل کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں تعمیر کی گئی دکانوں کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا گیا۔ ایف ڈی اے ٹیم نے واضح کیا کہ رہائشی علاقوں میں غیر مجاز کمرشل سرگرمیوں اور منظور شدہ نقشہ و لینڈ یوز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایف ڈی اے انتظامیہ نے ڈویلپرز اور متعلقہ افراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ قانون شکنی سے باز رہیں، منظور شدہ پلان اور متعلقہ قوانین و ضوابط کی مکمل پابندی کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف بلاامتیاز سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




