گرینڈ آپریشن جاری،دوبارہ تجاوزات کرنیوالوں کو جرمانے،دکانیں سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محترمہ حافظہ عظمت فردوس کی سربراہی میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کارروائیاں جاری جبکہ دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو جرمانے اور دکانیں سیل کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا گیا، گھنٹہ گھر سے ملحقہ بازاروں’ جلوی مارکیٹ جڑانوالہ روڈ’ سمن آباد انار کلی بازار’ ٹاٹا بازار فیکٹری ایریا میں دوبارہ تجاوزات کرنے پر جرمانے اور درجنوں دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس کی قیادت میں انسداد انکروچمنٹ کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر شہر بھر میں مختلف مقامات پر تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ روز غلام محمد آباد میں کارروائیاں کرتے ہوئے پختہ اور عارضی تجاوزات کو ختم کروایا گیا جس کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے بازاروں اور گھروں کے باہر پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا جبکہ آج بھی 208چک روڈ ایڈن گارڈن کے قریب انسداد تجاوزات کیا جا رہا ہے جہاں پر پختہ تجاوزات کو مسمار کرتے ہوئے عارضی تجاوزات کو ختم کروانے پر سڑک کھلی اور کشادہ ہو گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ آپریشن کے بعد دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جار ہا ہے۔ کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے چوک گھنٹہ گھر اور اس کے ملحقہ بازاروں کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے بعض افراد کی طرف سے دوبارہ تجاوزات کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے چوک گھنٹہ گھر اور ملحقہ بازاروں میں دوبارہ تجاوزات کرنے کی پاداش میں متعدد دکانوں کو سیل اور مختلف دکانداروں کو وارننگ کیساتھ ساتھ 40ہزار جرمانہ بھی عائد کیا اور جڑانوالہ روڈ پر جلوی مارکیٹ دوبارہ تجاوزات کرنے پر 22دکانداروں کو 88ہزار جرمانہ کرتے ہوئے حتمی وارننگ دی کہ اگر دوبارہ تجاوزات کی تو دکانوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں سمن آباد انار کلی بازار’ ٹاٹا بازار فیکٹری ایریا سمیت مختلف مارکیٹوں کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد دکانوں کو سیل اور جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ حافظہ عظمت فردوس کا کہنا تھا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا عزم ہے اور دوبارہ بھی کسی کو تجاوزات کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ ان دکانوں اور گھر کے باہر پختہ وعارضی تجاوزات ازخود ختم کر دیں، اگر حکومتی مشینری حرکت میں آئی تو ان کا زیادہ نقصان ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں