فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسعود آباد میں گیس لیکج سے 6افراد کے جاں بحق ہونیوالے مدعی مقدمہ کو سوئی گیس ٹھیکیدار نامزد ملزمان کی طرف سے قتل کی دھمکیاں’ سمن آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق مسعود آباد کے رہائشی زین علی نے سمن آباد پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ 5اگست کو گیس لیکج کے دوران دھماکہ سے آگ لگنے سے اس کے بھائی سمیت خاندان کے 6افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس پر سمن آباد پولیس نے سوئی گیس کے ٹھیکیداروں شاہد’ تیمور سمیت محکمہ سوئی گیس کے جی ایم سمیت دیگر افسران کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانتیں کروا رکھی ہیں گزشتہ روز زین گھر سے نثار کالونی دکان پر جا رہا تھا کہ جب وہ مقصودآباد کے قریب پہنچا تو کار سوار مسلح ملزمان سوئی گیس کے ٹھیکیدار شاہد’ تیمور وغیرہ 5کس نے روک لیا اور مقدمہ واپس لینے کیلئے کہا، تلخ کلامی پر ملزمان نے پسٹل نکال لئے اور دھمکی دی کہ آئندہ پیشی سے پہلے مقدمہ واپس نہ لیا تو اس کو بھی قتل کر دینگے۔ شور سن کر لوگ جمع ہوئے تو ملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ سمن آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔




