گوجرانوالہ (بیوروچیف)گیپکو کی نجکاری کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سامنے آگئی، نجکاری کمیشن کو گیپکو کی نجکاری کیلئے ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے 11معروف کاروباری گروپس نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ترکیہ کی تین، سعودی عرب کی ایک اور پاکستان کی سات کمپنیوں نے گیپکو کی نجکاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک، اینگرو انرجی، سیفائر فائبرز، حب پاور ہولڈنگز، لکی سیمنٹ اور شیرازی انویسٹمنٹ نے گیپکو کی نجکاری کیلئے اظہارِ دلچسپی جمع کرا یا ہے ۔اس کے علاوہ آرٹسٹک ملنرز، فاطمہ گروپ، اے کے ڈی سیکیورٹیز، فاسٹ کیبل اور مغل سٹیل گروپ بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔نجکاری کمیشن کے مطابق گیپکو کی نجکاری میں انتظامی کنٹرول کیساتھ 51سے 100فیصد شیئر ہولڈنگ فروخت کی جائیگی۔اظہارِ دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں اور کنسورشیمز کی پیشگی اہلیت کے معیار پر جانچ ہوگی۔اعلامئے کے مطابق معیار پر پورا اترنے والے سرمایہ کاروں کو لین دین کے اگلے مرحلے میں مدعو کیا جائے گا۔ گیپکو، فیسکو اور آئیسکو ڈسکوز کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ گیپکو کیلئے بھرپور سرمایہ کاری دلچسپی بجلی کی تقسیم کے شعبے کی صلاحیت کا مظہر ہے،سرمایہ کاروں کی دلچسپی حکومت کے شفاف، مسابقتی اور منظم نجکاری عمل پر اعتماد کا مظہر ہے۔




