بہاولپور(نامہ نگار) ملتان میں یتیم بچے کو کار سے کچلنے والا ملزم توقیر نذیر سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔حکام کے مطابق ملزم نے پیر کے روز کار کی ٹکر سے 15سالہ لڑکے کو کچل دیا تھا، مقتول یتیم بچہ وسیم عباس ملزم توقیر کے غیر انسانی رویے سے تنگ آکر کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق واقعے کے بعد ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا جہاں سے وہ فرار ہو گیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی، پولیس کے روکنے پر ملزمان نے بھاگتے ہوئے فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک موٹر سائیکل سوار مشکوک شخص اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا۔واضح رہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا، جبکہ قتل کے اس اندوہناک واقعے پر ملک بھر میں غم و غصے کی فضا تھی، سوشل میڈیا صارفین واقعے کو انسانیت سوز قرار دے کر ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔دریں ثناء ۔اسلام آباد (بیوروچیف) اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا جانیکی خواہشمند طالبہ لائبہ کی خودکشی کیس کا ملزم نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم ملزم نعمان کو نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لیکر جا رہی تھی، تھانہ رمنا کی حدود میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے ملزم کو چھڑوانے کے لیے فائرنگ کی۔ترجمان کے مطابق فائرنگ کے دوران ملزم نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا، زخمی ملزم نعمان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑگیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی۔ترجمان کے مطابق ملزم تھانہ رمنا کی حدود میں مبینہ خودکشی کرنے والی لائبہ کے مقدمے میں نامزد تھا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔خیال رہے کہ ملزم نعمان نے لائبہ کو امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلے اور اسکالر شپ کے لیے جعلی ایڈمیشن لیٹر نکلوا کر لاکھوں روپے کا فراڈ کیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق امریکی ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے نام پر مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی لائبہ اعجاز سے 93 لاکھ روپے لییگئے، لائبہ کو جعلی اسکالرشپ، یونیورسٹی کے آفر لیٹرز اور فیس کی رسیدیں بھی دی گئیں۔امریکا میں اعلی تعلیم اور اسکالر شپ کا خواب فراڈ ثابت ہونے پر شدید مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنے والی لائبہ نے 9 اکتوبر کو مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی تھی۔




