یوم آزادی کے حوالے سےFDAمیں تقریبات ہونگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ یوم آزادی پاکستان کو قومی جوش و جذبے، حب الوطنی اور اس عزم کی تجدید کیساتھ منایا جائیگا کہ وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام اور مضبوطی کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کیا جائے ۔ یوم آزادی کی منا سبت سے ایف ڈی اے کے زیر اہتمام مختلف پروگرامز اور تقریبا ت منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ جشن آزادی کے حوالے سے ایف ڈی اے کمپلیکس اور ذیلی دفاتر کی عمارتوں کو برقی روشنیوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ اس بار پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے باہمی دفاعی معاہدے کی خوشی بھی قومی سطح پر منائی جارہی ہے۔ اسی مناسبت سے ایف ڈی اے کمپلیکس اور دیگر ذیلی دفاتر کی عمارتوں پر تینوں برادر ممالک کے قومی پرچم بھی لہرائے گئے ہیں، جو برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مشترکہ عزم کی خوبصورت علامت ہیں۔ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ پاکستان کی آزادی ایک عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، لہذا یوم آزادی ہمیں تحریک پاکستان کے شہدا اور قومی ہیروز کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی نعمت کی قدر کرتے ہوئے ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یوم آزادی کے حوالے سے ایف ڈی اے کمپلیکس کی مسجد میں دعائیہ تقریب بھی منعقد ہوگی، جس میں تحریک پاکستان کے شہدا کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، امن و سلامتی اور قومی یکجہتی کے استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں