100دیہات میں برتھ رجسٹریشن کیمپس لگانے کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) محکمہ لوکل گورنمنٹ نے پنجاب کے 100 مثالی دیہات میں خصوصی برتھ رجسٹریشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت بچوں کی پیدائش کا بروقت اندراج یقینی بنانے کے لیے خصوصی کیمپس قائم کیے جائیں گے۔محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے مہم کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں انہیں 31 اگست تک کیمپ سائٹس حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق ہر مثالی گائوں میں مختلف تاریخوں پر 3 خصوصی برتھ رجسٹریشن کیمپس لگائے جائیںگے۔ پہلا تین روزہ کیمپ عارضی طور پر 15 سے 17 ستمبر تک منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔بچوں کی فوری رجسٹریشن کے لیے کیمپس میں آن سائٹ ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم فعال کیا جائے گا، جبکہ دور دراز اور پسماندہ آبادیوں تک رسائی کے لیے مقامی رضاکاروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مطابق مہم کے دوران عوامی مقامات پر خصوصی معلوماتی بینرز بھی آویزاں کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو برتھ رجسٹریشن کی سہولت اور کیمپس کے شیڈول سے آگاہ کیا جاسکے۔مراسلے میں 100 مثالی دیہات میں 100 فیصد برتھ رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں