فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون عدیل اکرم چیمہ نے 3کروڑ تاوان کی خاطر شہری کو اغواء کرنے والے تین اغواء کاروں کو گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کروا لیا’ پکڑے جانیوالے اغواء کاروں سے بازپرس شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 9اگست کو النور گارڈن کا رہائشی عمر زبیر اپنی کار پر کھرڑیانوالہ جا رہا تھا کہ گٹ والا کے قریب ملزمان نے عمر زبیر کو اغواء کر کے کھرڑیانوالہ لے گئے اور اغواء کاروں نے مغوی کی اہلیہ ماریہ کو فون کر کے 3کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا تھا اور واٹس ایپ پر مغوی عمر زبیر کی ویڈیو بھی بھیجی تھی۔ تاہم ایس ایچ او مدینہ ٹائون عدیل اکرم چیمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فون کی لوکیشن ٹریس کرتے ہوئے کھرڑیانوالہ میں چھاپہ مار کر تینوں ملزمان ظہیر خالد’ علی اکبر اور حنظلہ عمران کو گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کروا لیا اور پکڑے جانیوالے ملزمان سے بازپرس شروع کر دی ہے۔ سی پی او تنویر حسین نے اغواء کاروں کو گرفتار کرنے اور مغوی کو بازیاب کروانے پر ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون اور اسکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔




