چانگ شا (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کی80 سالہ مصورہ اور بچوں کی کتابوں کی معروف مصور کائی گا نے بچوں کے ادب کا سب سے بڑا عالمی اعزاز ہانس کرسچن اینڈرسن ایوارڈ 2026 جیت لیا ہے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی چینی مصورہ ہیں۔ ان کی تخلیقات میں بچپن کی یادیں، دیہی زندگی، چینی ثقافت اور روزمرہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوبصورت چیزیں نمایاں نظر آتی ہیں۔کائی گا 1946 میں چین کے صوبے ہونان کے شہر چانگ شا میں پیدا ہوئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے بچپن کی یادیں ان کے فن کا سب سے بڑا خزانہ ہیں۔ دادی سے سنی کہانیاں، مقامی گیت، روایتی تہوار، چینی اوپیرا اور گھر کے صحن میں گزارے دن بعد میں ان کی تصویری کتابوں کا حصہ بنتے گئے۔کائی گا نے باقاعدہ آرٹ کی تعلیم حاصل نہیں کی۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں بچوں کو پڑھاتے ہوئے گاں، کھیتوں، راستوں اور وہاں کے لوگوں کے خاکے بنائے۔ بعد میں بچوں کے ایک پبلشنگ ادارے سے وابستہ ہوئیں اور کئی دہائیوں تک بچوں کی کتابوں پر کام کیا۔ان کی مشہور کتابوں میں مون کیک بالیڈ اور جہاں چاند جائے، میں جاں شامل ہیں، جن میں بچپن کی یادوں اور چینی دیہی ثقافت کی جھلک ملتی ہے۔کائی گا کا کہنا ہے کہ زندگی میں بہت سی چیزیں انسان اپنی مرضی سے منتخب نہیں کرسکتا، لیکن حالات جیسے بھی ہوں، یہ ضرور انتخاب کیا جاسکتا ہے کہ زندگی کیسے گزارنی ہے۔80 برس کی عمر میں بھی وہ خود کو نئے خیالات کے لیے تیار سمجھتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اس عمر میں بھی ایک نئی شروعات ممکن ہے۔




