غیر قانونی شکار کرنے والے 18ملزم گرفتار

لاہور (بیوروچیف) سینئروزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پرڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب چیف وائلڈلائف رینجر کی زیر نگرا نی صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار اور کاروبار کی روک تھام کیلئے محکمہ کی بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور جس کے نتیجے میں میں صوبہ کے مختلف مقامات سے 18ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 31تحفظ شدہ نایاب زندہ جنگلی پرندے جبکہ 10ذبح شدہ پرندے برآمد کئے اور 13ملزمان کو ساڑھے 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور بقیہ 5کیخلاف قانونی کارروائی کاآغاز کردیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرضلع جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل اٹھارہ ہزاری اور جھنگ کے علاقوں سے 3غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے انہیں 90ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیا۔ اسی طرح کی دو مختلف کارروائیوں میں ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف گوجرانوالہ ریجن نے جنگلی فاختہ کا گوشت فروخت کرنیوالے ایک شخص کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی اور اس کے قبضہ سے گوشت ، 70سی سی موٹر سائیکل اور موبائل برآمد کرلیے جبکہ ایک دوسری کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع نارووال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی طوطوں کی نیٹنگ میں ملوث 4شکاریو ں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 01زندہ را طوطا ،02نیٹنگ گیئرز ،05پائوچ ،02موٹرسائیکل سی ڈی 70برآمد کرکے انہیں حوالات میں بند کروادیا اور قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرڈی جی خان ریجن محمد حسین گشکوری کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف ڈی جی خان ، راجن پور اور مظفر گڑھ نے جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار میں ملوث 4شکاریوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 02زندہ چکور،10ذبح شدہ فاختہ ، ایک ڈبل بیرل گن معہ کارتوس ضبط کرلیے ۔ 3شکاریوں کو ایک لاکھ 15ہزار محکمانہ معاوضہ جبکہ ایک شکاری کو عدالت نے 25ہزار جرمانہ عائد کیا ۔ ایسی ہی ایک کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرضلع میانوالی محمد عمران نے آبی پرندوں کا غیرقانونی شکار کرنے پر 03شکاریوں کو ایک لاکھ 90ہزا ر جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرضلع خانیوال سرفراز خان سیال نے مرغابی کے غیرقانونی شکار میں ملوث 2شکاریوں کو 50ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیا۔اسی طرح کی ایک مزید کامیاب کارروائی کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرراولپنڈی ریجن راجہ احسان احمد نے ایک خفیہ اطلاع پر عدالتی سرچ وارنٹ کے بعد گلریز ہائوسنگ سوسائٹی راولپنڈی میں چھاپہ مار کر ایک گھر سے 10را طوطے اور 18گانی دار طوطے برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیااور مال مقدمہ سمیت چالان عدالت میں بھیجا ۔ عدالت نے ملزم کو 70ہزار جرمانہ کرکے پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کرنے کا حکم صادر فرمایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں