غیر معیاری اشیاء کی فروخت،20فوڈ پوائنٹس سیل،399کو76لاکھ جرمانہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے ماہ رمضان المبارک کے دوران ملاوٹ مافیا اور مضرصحت اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 3ہزار سے زائد فوڈ پوائنٹس کو چیک کرتے ہوئے غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر 20فوڈ پوائنٹس کو سیل’ 399 کو 76لاکھ جرمانہ کیا۔ گزشتہ روز بھی مکوآنہ کے قریب 100 من سے زائد مردہ مرغیوں سے بھرے مزدا کو پکڑ لیا جو کہ شہر بھر کے مختلف علاقوں میں ہوٹلز اور دیگر کو سپلائی کرتا تھا۔ انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران ضلع بھر میں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 3ہزار سے زائد فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کرتے ہوئے 20فوڈ پوائنٹس کو سیل اور 399 کو 76لاکھ جرمانہ کیا گیا، مکروہ دھندہ کرنے پر 8مقدمات درج کروائے گئے اور 15سو سے زائد کو اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے۔ اسی دوران 4465 کلوگوشت’ 700 لیٹر آئل’ 1000 لیٹر ملاوٹی دودھ’ 300 کلو ناقص اچار’ 350کلو ممنوعہ ایکسپائر اشیاء کو تلف کیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز بھی فوڈ اتھارٹی نے مکوآنہ کے قریب 100 من سے زائد مردہ مرغیوں سے لوڈ گاڑی کو پکڑ لیا۔ مذکورہ مردہ مرغیوں کا گوشت ہوٹلز’ شوارما وغیرہ کی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں