سابق آف سپنر ارشد خان بنگلہ دیشی کوچنگ سٹاف میں شامل

ڈھاکا (سپورٹس نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے عمر گل کے بعد ایک اور پاکستانی کو اپنے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرلیا، سابق آف اسپنر ارشد خان کو زمبابوے کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کیلئے اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ جو 20 اپریل کو سلہٹ میں شروع ہو رہی ہے۔ ارشد خان نے 1997سے 2006کے دوران 9ٹیسٹ اور 58ایک روزہ میچز کھیلے۔ وہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ان کا ابتدائی معاہدہ تین ماہ کاہے، لیکن پاکستان میں ٹی20سیریز کے بعد دونوں فریقین کی رضامندی کی صورت میں معاہدے میں 2027ورلڈ کپ تک توسیع کا امکان ہے۔ اس سے قبل بی سی بی نے سابق فاسٹ بولر عمر گل کو تین ماہ کیلئے فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کیا تھا۔ وہ بنگلہ دیش کے آئندہ پانچ ٹی 20میچز کیلئے دورئہ پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔ان کے علاوہ جیمز پامٹ کو ورلڈ کپ 2027تک فیلڈنگ کوچ تعینات کیا ہے۔ 56سالہ جیمز 2018سے 2023تک آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے اسسٹنٹ کوچ رہ چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں