کوئٹہ (سپورٹس نیوز) لاہور قلندر نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کوئٹہ سے کر دیا ہے، یہ بات لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا نے بیوٹمز میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز اب تک ساڑھے چھ لاکھ کھلاڑیوں کا ٹرائلز کر چکی ہے جن میں بلوچستان سے 22 سو سے زائد کھلاڑی رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔جن کے چار روز تک ٹرائلز ہونگے۔ عاطف رانا نے بتایا کہ بلوچستان سے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں سے 5 ٹیمیں بنائی جائیں گی سلیکٹ ہونے والے کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین ممالک سے ٹریننگ دی جائے گی جو کہ کھیل کے میدان میں اپنا لوہا منوا کر بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے ۔ انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ سیزن میں بلوچستان کے بھی کھلاڑی لاہور قلندرز میں کھیلیں۔اس مو قع پر صوبائی مشیر برائے کھیل مینا مجید نے کہا کہ ٹرائلز کا آغاز بلوچستان سے کرنا بلوچستان کی اہمیت کا اعتراف ہے۔ بلوچستان سے جو پانچ مختلف ٹیمیں بنائی جائیں گی اس سے نہ صرف مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ اس سے بلوچستان میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ بھی حاصل ہوگی۔ صوبائی مشیر کھیل نے کہاکہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔مینا مجید نے کہا کہ مواقع کے عدم دستیابی کے باوجود بلوچستان کے کھلاڑیوں نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے۔ صوبائی مشیر کھیل نے کہا کہ محکمہ سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے کالجز اور یونیورسٹیوں سے نوجوانوں کے ٹرائلز کریگا۔




