ٹوبہ میں غیر قانونی LPGری فلنگ کرنیوالوں کیخلاف آپریشن

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انسانی جانوں کو لاحق خطرات کے پیش نظر غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور آئل کے کاروبار کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب ضیغم نواز اور ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس محمد نعیم سندھو کی ہدایات پر، ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انتظامی امور کے فیصلہ جات کی روشنی میں سول ڈیفنس انفورسمنٹ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاون کر رہی ہیں۔گزشتہ روز ہونے والی کارروائی میں 2 غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور 2 آئل شاپس کو سیل کر دیا گیا، جبکہ ایک آئل شاپ کے خلاف مقدمہ متعلقہ تھانہ میں درج کرا دیا گیا۔ مزید برآں ایک دکاندار کا چالان بھی کیا گیا۔اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر محمود گل نے کہا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے غیر قانونی کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انتظامی امور کے فیصلوں کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں