FDAکا فنانشل اینڈ پراپرٹی مینجمنٹ کی جانب اہم قدم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب اربن لینڈ سسٹم انحاسمنٹ(PULSE)کے تحت ایف ڈی اے کا فنانشل اینڈ پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم جدت کی جانب اہم قدم ہے جس کی بدولت نہ صرف تیز رفتار سروس ڈیلیوری ممکن ہوگی بلکہ دفتری ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنے کے علاوہ دفتری امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے اقدامات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر آگاہی سیشن ڈائریکٹر فنانس/ آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس فیصل طارق بٹ، حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس عدنان شہزاد کے علاوہ ون ونڈو کانٹر، شعبہ فنانس، شعبہ آئی ٹی اور ریکوری سٹاف کے ارکان نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر فنانس نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کے ویژن کے مطابق ایف ڈی اے کی سروسز میں جدید اصلاحات پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اس سلسلے میں پنجاب اربن لینڈ سسٹم انحاسمنٹ (پلس)سے منسلک جدید اصلاحاتی منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جس سے مربوط انداز میں ایف ڈی اے کی فنانشیل مینجمنٹ سسٹم پر عملدرآمد کیاجائیگا اور مختلف وصولیوں کے لئے فرسودہ نظام کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اب درخواست گزاروں کو مختلف فیسوں / واجبات کی ادائیگیوں کے لئے بنک نہیں جانا پڑے گا اور وصولیوں کے بارے میں فوری تصدیق ہو سکے گی جس کی بدولت ریئل ٹائم میں دفتری امور انجام دیئے جا سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں