FDAکا غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سمندری روڈ پر دو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنادی۔ آپریشن کے دوران غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے دفاتر کو سربمہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو سمندری روڈ پر چک نمبر296 رب کی اراضی پر نوید ولاز کے نام سے بلامنظوری ہائوسنگ سکیم جبکہ چک نمبر 232 اور 233 رب کی اراضی پر اضافی آبادی قائم کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جسے ناکام بنا کر وہاں سٹرکوں، سیوریج سسٹم و دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا گیا اور موقع پر موجود دفاتر کو بھی سیل کر دیا گیا ۔ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ ہائوسنگ سکیم کے قیام کے لئے تمام ترقانونی و محکمانہ تقاضے و شرائط پوری کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ا یف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں