جڑانوالہ (نامہ نگار) ایس ایس پی انویسٹی گیشن فیصل آباد ناصر باجوہ نے جڑانوالہ میں ایس پی ٹائون بختیار احمد،ڈی ایس پیز، تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز،انچارج انویسٹی گیشن کیساتھ کرائم میٹنگ کے دوران کہا کہ جڑانوالہ ڈویژن میں گشت کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں پر قابو پایا جائے زیر تفتیش مقدمات کو بر وقت مکمل کرکے چالان عدالتوں میں پیش کئے جائیں اشتہاری مجرمان عدالتی مفروران کی گرفتاریاں یقینی بنائی جائیں۔ ایس ایس پی انویسٹیگیشن ناصر باجوہ نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات ہیں جائز شکایات پر مقدمات کا اندراج فی الفور کیا جائے خواتین بچوں پر تشدد کے واقعات میں ملوث پائے جانیوالے افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ جڑانوالہ ڈویژن میں منشیات فروشی کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے فرائض کی ادائیگی کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی و غفلت کے مرتکب پولیس افسران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی محکمہ پولیس میں جزا اور سزا کا عمل جاری ہے۔ ایماندار پولیس افسران ہمارے سروں کے تاج ہیں کرائم میٹنگ میں ایس پی ٹان نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ناصر باجوہ کو بریفنگ دی جس پر مذکور نے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز،انچارج انویسٹی گیشن کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔




