فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ سکا گروپ کے نائب صدر اور پیپلز پارٹی پی پی 118کے ٹکٹ ہولڈر ملک ذوالفقار علی نے اپنے ایک اخباری بیان میں حالیہ سیلاب کے باعث زراعت کے شعبے کو پہنچنے والے شدید نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں آنے والے سیلابی ریلوں نے چاول ، گنا اور چارے جیسی کھڑی فصلوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ سبزیوں کی پیداوار کو بھی نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے جو آئندہ دنوں میں غذائی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ حاجی ملک ذوالفقار علی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زرعی پیداوار میں ممکنہ کمی اور کسانوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری مربوط اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ کسانوں کے لیے ریلیف پیکجز ، بیج کھاد اور دیگر زرعی سہولیات کی فوری فراہمی ضروری ہے۔




