سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت سرگودھا کی میڈیکل سرگرمیاں جاری

سرگودہا (بیورو چیف) سیلاب متاثرہ علاقو ں میں ضلعی محکمہ صحت سرگودہا کی جانب سے ریلیف اور میڈیکل سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ سی او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں11 فکسڈ میڈیکل کیمپس، 2 فیلڈ ہسپتال اور28 موبائل کلینکس فعال ہیں جہاں متاثرین کو دن رات طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر سارہ صفدر کے مطابق اب تک 5 ہزار 612 مریضوں کا علاج مکمل کیا جا چکا ہے، جن میں2231مریض میڈیکل کیمپس میں ، 1095 مریض فیلڈ ہسپتالوں میں جبکہ 2286 مریض موبائل کلینکس کے ذریعے طبی سہولیات حاصل کر چکے ہیں۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی میڈیکل ٹیمیں دن رات سرگرم عمل ہیں جبکہ ڈینگی بخار سے بچائوکے لیے آگاہی کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان کیمپس میں عوام کو احتیاطی تدابیر سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے اور معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر سارہ صفدر نے بتایا کہ متاثرہ عوام کو مچھر دانیوں کی وافر فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ پینے کے پانی کو صاف رکھنے کے لیے پانی صاف کرنے کی گولیاں اور ٹیبلٹس بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے فوگنگ اسپرے بھی جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حاملہ خواتین کے علاج کے لیے الٹراسائونڈ گاڑیاں 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں