ماموں کانجن میں ڈی سی شیڈول ریٹ میں غیر معمولی اضافہ

ماموں کانجن (نامہ نگار)ماموںکانجن میں ڈی سی شیڈول ریٹ میں غیر معمولی اضافہ، عوام شدید پریشان، فوری نظرثانی کا مطالبہ ‘ ماموں کانجن تحصیل تاندلیانوالہ ضلع فیصل آباد میں رجسٹری کیلئے ڈی سی شیڈول ریٹس میں اضافے نے عوام، پراپرٹی ڈیلرز اور زمین خریدنے کے خواہشمند افراد کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے ۔ مقامی شہریوں اور ریئل اسٹیٹ سے وابستہ افر اد نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ ان ریٹس پر فوری نظرثانی کی جائے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مالی سال 2025 کے لیے جاری کردہ ریونیو ریٹس میں دیگر تحصیلوں کے مقابلے میں ماموں کانجن سمیت تحصیل تاندلیانوالہ کے ریٹس میں غیر متوازن اضافہ کیا گیا ہے۔ جہاں دیگر علاقوں میں 15 سے 30 فیصد اضافہ کیا گیا، وہیں ماموں کانجن تاندلیانوالہ میں بعض جگہوں پر تقریبا 100 فیصد تک شرح بڑھا دی گئی ہے، جو کہ ناقابلِ قبول ہے۔ ماموں کانجن ایک زرعی اور پسماندہ علاقہ ہے جہاں کے لوگ محدود آمدنی رکھتے ہیں۔ ڈی سی ریٹ میں اس قدر اضافہ عوام پر اضافی مالی بوجھ بن چکا ہے، جس کی وجہ سے زمینوں کی خرید و فروخت تقریبا بند ہو چکی ہے۔ اس صورتحال سے نہ صرف پراپرٹی کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ حکومتی ریونیو میں بھی کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔شہریوں نے اس فیصلے کو پنجاب حکومت کے جاری کردہ اصولوں کے خلاف قرار دیا ہے اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ماموں کانجن تحصیل تاندلیانوالہ کے ریٹس کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ انہیں دیگر تحصیلوں کے برابر لا کر عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں