صفدر آباد میں جشن عید میلاد النبیۖ عقیدت و احترام سے منایا گیا

صفدرآباد(نامہ نگار)عید میلاد النبیۖ کے موقع پر مرکزی میلاد کمیٹی صفدرآباد کے زیر اہتمام بہت بڑا جلوس نکالا گیا جس کی قیادت خطیب پاکستان علامہ پیر طریقت رہبر شریعت پیر سید شاہد حسین گردیزی نے کی۔جلوس جامع مسجد خا لقیہ رضویہ اردو بازار سے صبح آٹھ بجے شروع ہو کر مقررہ راستوں سے گزر کر جامع مسجد قیوم ریلوے روڈ پر اختتام پزیر ہوا۔لوگوں کی بڑی تعداد جلوس میں شریک ہوئی۔جلوس میں لبیک یا رسول اللہ ۖ،تاجدار ختم نبوتۖ زندہ باد،سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے لگتے رہے جس سے شہر کی فضا روحانی ہو گئی۔علامہ فیض الرحمٰن کریمی خطیب جامع مسجد قیوم ،علامہ ڈاکٹر نجیب الرحمٰن کریمی ،علامہ ڈاکٹر عبد الرئوف سالک جلوس کے ہمراہ تھے ۔تاجدار ختم نبوت چوک پر ذکر اللہ و رسولۖکے اسٹیج پر خطیب اہل سنت علامہ مولانا عمران اسلم نقشبندی آف مانانوالہ نے روح پرور خطاب کیا ۔میلاد چوک میں علامہ عبد الکریم نقشبندی آف شیخوپورہ اور بعد از نماز ظہرجامع مسجد قیوم میں آخری خطاب خطیب پاکستان پیر طریقت رہبر شریعت پیر سید شاہد حسین شاہ گردیزی کا تھا جس میں عاشقان مصطفیٰۖنے شرکت کے ریکارڈ توڑ دیئے۔شاہ صاحب کی تقریر سننے کو ایک جم غفیر امڈ آیا۔فضا یا رسول اللہ ۖ کے نعروں سے گونجتی رہی۔شہر کی ہر دلعزیز شخصیت سابق ناظم میونسپل کمیٹی اور امیدوار پنجاب اسمبلی حلقہ صفدرآباد سردار انعام الحق ڈوگر کی طرف سے لنگر شریف تقسیم کیا گیا۔شہر کو رنگ برنگی جھنڈیوں ،لائٹوں اور قمقموں سے سجایا گیا تھا جس نے بھی دیکھا بس دیکھتا ہی رہ گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں