ٹریفک حادثات میں دوکزنوں سمیت3افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک کے المناک حادثات میں دو کزنوں سمیت 3افراد زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق پہلا حادثہ بٹالہ کالونی کے علاقہ جھال پل پر پیش آیا جہاں پر عبداﷲ پورگلی نمبر 15 کا رہائشی 50سالہ سلیم ولد نذیر اپنے کزن 45سالہ ندیم ولد منیر کے ہمراہ آدھی رات کے وقت موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ جھال پل پر پہنچا تو عقب سے آنیوالے تیز رفتار ٹرالر سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تشویشناک حالت میں سول ہسپتال پہنچایا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ دوسرا حادثہ نشاط آباد کے علاقہ بوڑیوالہ روڈ پر پیش آیا جہاں پر موٹرسائیکل سوار کاشف ولد منظور تیز رفتار کیری ڈبہ کی ٹکر لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں