بینظیر بھٹو نے جبر کا بہادری سے مقابلہ کیا’ یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (بیوروچیف) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ شہید بی بی نے ملک میں جمہوریت کے تسلسل، عدلیہ کی آزادی، انتخابی اصلاحات اور خواتین کے سیاسی، سماجی و معاشی استحکام کے لیے تاریخی اقدامات کیے، جن کی بدولت انہیں جدید دنیا کی عظیم لیڈروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جمہوریت، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے ایک روشن مثال قائم کی، ان کی اصولوں پر مبنی قیادت اور سیاسی جدوجہد پاکستان کے عوام کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے ہر قسم کے جبر کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی پوری زندگی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی۔ وہ خواتین کے حقوق، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کی علمبردار تھیں اور انہوں نے نوجوان نسل کو یہ سبق دیا کہ قومی اتحاد، جمہوری اقدار اور حب الوطنی کے ذریعے ہر چیلنج پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان کی بصیرت، جرات اور سیاسی تدبر آج بھی قوم کے لیے اتحاد اور استحکام کا پیغام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں پورے ملک کی نمائندہ قیادت کا موقع ملا اور انہوں نے پاکستان کو ایک مضبوط وحدت کی صورت میں جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم شہید بے نظیر بھٹو کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ اللہ تعالی شہید بے نظیر بھٹو کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کے مشن کو آگے بڑھانے میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی مدبرانہ اور دانشمندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا۔ 18ویں آئینی ترمیم جیسے تاریخی اقدامات کے ذریعے صوبوں کو بااختیار بنایا گیا اور اختیارات آئین کے مطابق نچلی سطح تک منتقل کیے گئے، جس سے جمہوریت مضبوط اور ملک کی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوئیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری میں بھی اپنی والدہ اور نانا کی طرح سیاسی بصیرت اور جمہوری سوچ بدرجہ اتم موجود ہے۔ بطور وزیر خارجہ انہوں نے جس مدبرانہ حکمتِ عملی سے سفارتی خدمات انجام دیں، وہ قابلِ تحسین ہیں اور پوری قوم ان کی قیادت کی معترف ہے۔ اسی طرح آصفہ بھٹو زرداری بھی اپنی والدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قومی سیاست میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم شہید بے نظیر بھٹو کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں گے اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط جمہوری ریاست بنانے کے لیے ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں