فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کیخلاف مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ منصورآباد سب انسپکٹر توقیر گجر نے چند روز قبل کینال روڈ سے چھینی جانے والی قیمتی گاڑیاں پشاور سے برآمد کر کے فیصل آباد منتقل کر دیں۔ سی پی او کا ایس ایچ او توقیر گجر’ انچارج ڈی آئی بی اور انکی ٹیم کو شاباش۔ تفصیل کے مطابق چند روز قبل کینال روڈ پر گاڑی پر نیلی بتی لگائے مسلح ڈاکوئوں نے شہری کو یرغمال بنا کر کروڑوں روپے مالیت کی دو گاڑیاں (ہیول اور سوئفٹ)’ نقدی اور قیمتی فونز چھین لئے اور گاڑیوں کو خیبرپختونخوا پشاور منتقل کر کے روپوش ہو گئے تھے۔ سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور گاڑیوں کی برآمدگی کا حکم دیا اور انچارج ڈی آئی بی مدینہ ڈویژن آصف ندیم بٹ’ ایس ایچ او تھانہ منصورآباد سب انسپکٹر توقیر گجر’ اے ایس آئی قاسم گجر اور دیگر پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر واردات کا سراغ لگانے کا ٹاسک دیا۔ ایس ایچ او تھانہ منصورآباد توقیر گجر نے جدید’ ٹیکنیکل وسائل اور پیشہ وارانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا اور شبانہ روز کی انتھک محنت کے بعد پشاور کے علاقہ چوکی نتھیا میں کارروائی کرتے ہوئے چھینی جانے والی سوا دو کروڑ روپے مالیت کی قیمتی گاڑیاں برآمد کر کے بحفاظت فیصل آباد منتقل کر دیں۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ایس ایچ او تھانہ منصورآباد اور ان کی ٹیم کو شاباش اور نقد اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کر دیا۔




